|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2016

کوئٹہ: افغانستان سے اسلحہ کی بڑی کھیپ بلوچستان اسمگل کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اسلحہ افغان انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے بی ایل اے کیلئے اسمگل کیا جارہا تھا ۔ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر نے کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔کوئٹہ کے ایف سی مدد گار سینٹر میں سرفراز بگٹی نے ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کا کڑ اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئیر طاہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتا یا کہ اسلحہ افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کی جانب سے بلوچستان میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کو سپلائی کیا جارہا تھا ۔ خفیہ اطلاعات پر سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے آنے والی گاڑیوں کا تعاقب کیا ۔ضلع نوشکی کے قریب دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس پر ملزمان نے منجرو نالہ کے قریب اسلحہ چوڑ کر فرار ہو گئے ، برآمد ہو نے والے اسلحہ میں 25مارٹر بم ، 26راکٹ بم، 28کلو دھماکہ خیز مواد ، مختلف قسم کی 26ہزار سے زائد گولیاں، پانچ اینٹی ٹینک مائینز ، چار بارودی رنگیں ،تین کلاشنکوف ،گیارہ دستی بم ، 10پیکٹ دھماکا خیز مواد، تین راکٹ گولے ، ڈیٹونیٹر، فیوز، پرائما کارڈ سمیت بم بنانے میں استعمال ہونے والے دیگر آلات شامل ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ادارہ ’’را‘ ‘ اور افغان انٹیلی جنس ادارہ این ڈی ایس گٹھ جوڑ کے ذریعے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ یہاں بے گنا ہ لوگوں کو قتل اور دہشتگردی کرارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس پر بار بار ہم نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو نے دیں ،اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس میں خود افغانستان کا بھی نقصان ہو گا ، انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسلحہ بلوچستان میں بلوچ نام نہاد انتہا پسندوں خاص کر کالعدم بی ایل اے کو فراہم کر نے کیلئے لایا جارہا تھا ۔