|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور کوہلو میں سیکورٹی فورسز نے دہشتگردی کے منصوبے ناکام بنادیئے۔بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق پنجگور کے نواحی علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسلحہ میں ایک عدد چینی ساختہ لائٹ مشین گن اور اس کے 525 کارتوس، ایک راکٹ لانچر، ایک راکٹ گولہ، تین کلاشنکوف بمعہ 8 میگزین اور 410 کارتوس ، تین عدد انرگا گرنیڈ اور اس کے تین فیوزشامل ہیں۔ ایف سی حکام کے مطابق یہ اسلحہ پنجگور سے این 85 شاہراہ کے ذریعے بلگتر ہوشاب منتقل کیا جارہا تھا جہاں دہشتگرد تنظیم نے یہ اسلحہ پاک چین اقتصادی راہداری کی سڑک پر کام کرنے والے عسکری تعمیراتی ادارے کے ملازمین کے خلاف استعمال کرنا تھا۔ ادھر ضلع کوہلو کی تحصیل میوند میں نامعلوم افراد نے لیویز دفعدار تاج محمد کے گھر کے سامنے بم نصب کر رکھا تھا۔ لیویز فورس نے بروقت اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔