مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے اسسٹنٹ کمشنر عبد الغنی میر اور ان کا بیٹا گاڑی دریائے نیلم میں گرنے کے باعث ہلاک، جبکہ ان کے خاندان کے 5 افراد لاپتہ ہوگئے۔
آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالاں کے اضافی اسسٹنٹ کمشنر عبد الغنی میر اپنی اہلیہ اور 5 بچوں کے ہمراہ، وادی نیلم کے علاقے ددنیال میں اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ اسی دوران حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں عبد الغنی میر اور ان کا ایک بیٹا ہلاک جبکہ ان کے خاندان کے 5 افراد لاپتہ ہوگئے، جن کے متعلق ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کے بھی زندہ بچنے کی امید کم ہے۔
عبد الغنی میر کے داماد طارق مقبول خواجہ نے ڈان کو بتایا کہ ان کے سسر کی گاڑی 300 فٹ کی بلندی سے دریائے نیلم میں گری۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک عبد الغنی میر اور ان کے بیٹے کی لاشوں اور سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کو نکالا گیا ہے، جبکہ خاندان کے دیگر افراد سے متعلق تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔
پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ حادثہ رات 2 بجے کے بعد پیش آیا، کیونکہ عبد الغنی میر کی گاڑی نے، جو وہ خود چلا رہے تھے، تقریباً رات پونے ایک بجے چلیانہ چیک پوسٹ عبور کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عموماً حادثے کے مقام پر دریا میں پانی کا بہاؤ کم ہوتا ہے، لیکن حالیہ بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ھا، جس کے باعث ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
عبد الغنی میر رواں سال مئی میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہونے والے تھے۔