|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

مائیکروسافٹ نے ونڈوز10 پر مبنی نئے فلیگ شپ فونز لومیا 950 اور لومیا 950 ایکس ایل کے لیے تعارفی اسکیم ’’ایک خریدیں ایک مفت حاصل کریں‘‘ شروع کر دی ہے۔ چند دن قبل یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ مائیکروسافٹ ونڈوز10 اسمارٹ فونز کی فروخت میں شدید کمی کے باعث ایسی کوئی آفر پیش کرنے جا رہی ہے جس میں صارفین کو ایک فون خریدنے پر دوسرا بالکل مفت دیا جائے گا۔ حالیہ مہینوں میں مائیکروسافٹ صرف 2.3 ملین لومیا اسمارٹ فونز فروخت کر پائی جو کہ اس کی گزشتہ سال فروخت کی تعداد 8.6 ملین سے تہتر فیصد کم ہے۔ لومیا فونز کی مقبولیت میں کمی کے باعث کئی بڑے اسٹورز نے لومیا فونز مائیکروسافٹ کو واپس بھجوانے بھی شروع کر دیے تھے۔ نئے فلیگ شپ کیمرہ اور ونڈوز10 کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم کے باوجود لومیا فونز صارفین کو لبھانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مائیکروسافٹ نے لومیا فونز کے ان دو ماڈلز کا اسٹاک ختم کرنے کے لیےیہ خصوصی پروموشن شروع کی ہے جس میں صارفین کو ایک فون خریدنے پر دوسرا بالکل مفت دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ کوئی بُری ڈیل بھی نہیں کیونکہ اس فون کی قیمت ساڑھے پانچ سو ڈالر یعنی لگ بھگ پچپن ہزار پاکستانی روپے ہے۔ تاہم یہ پروموشن بڑے مختصر وقت کے لیے ہے۔ یہ آج سے شروع ہو کر یکم مئی کو ختم ہو جائے گی۔ اس ڈیل سے فائدہ اُٹھانے کے لیے یہ لومیا فون مائیکروسافٹ کے امریکی اسٹور سے خریدنا ہو گا۔ مفت دیے جانے والے فون میں صارفین اپنی پسند کا رنگ حاصل نہیں کر سکیں گے، مفت فون کی مد میں صرف کالے رنگ کا فون ہی دیا جائے گا البتہ طلبا کے لیے اضافی 10 فیصد ڈسکاؤنٹ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ مائیکروسافٹ کو لومیا فونز کی ناکامی کا بڑی اچھی طرح اندازہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس سال مائیکروسافٹ ان فونز پر زیادہ توجہ نہیں دے گی بلکہ بہت ممکن ہے کہ اس سال آنے والے فونز لومیا کے آخری فونز بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔