کوئٹہ: الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 267پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے خالد حسین مگسی کو کامیاب قرار دیدیا ہے۔الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید کے مطابق قومی اسمبلی کی اس نشست پر کچھی اور جھل مگسی کے اضلاع میں 167 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ ایک لاکھ 46ہزار 49سے 56485 ووٹرز نے حق راہی دہی کا استعمال کیا۔ اس طرح ٹرن آؤٹ 38فیصد رہا۔ 21578خواتین نے بھی اپنے حق راہی دہی کا استعمال کیا۔ جبکہ 2350 ووٹ مختلف وجوہات کی بناء پر مسترد کئے گئے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار خالد حسین مگسی نے 29630 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تحریک انصاف کے سردار یار محمد رند 19533 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ سید سلطان بایزید نے بتایا کہ کامیاب امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ این اے 267 جھل مگسی کے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 5 سیاسی جماعتوں سمیت 16 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان تھا۔باقی امیدواروں میں آزاد امیدوار ڈاکٹر حبیب رئیسانی نے328، نیشنل پارٹی کے سردار حسین احمد نے 76، آزاد امیدوار خادم حسین بنگلانی نے78، جے یو آئی کے سید ارشاد الدین شاہ بخاری نے1396،ایس آئی سی کے صاھبزادہ منیر احمد نے139، آزاد امیدوار مجیب الرحمان نے138، آزاد امیدوار محمد رفیق مگسی نے144، آزقاد امیدوار ملک محمد سیف نے145، آزاد امیدوار میر حضور بخش نے32، آزاد امیدوار میر عامر رند نے66، آزاد امیدوار میر غلام مرتضیٰ جاموٹ نے786، آزاد امیدوار نصر اللہ رند نے108، آزاد امیدوار وڈیرہ شہباز خان سمالانی نے36اور آزاد امیدوار ہمایوں عزیز کرد نے1500ووٹ لئے۔ یاد رہے کہ این اے 267 کی نشست سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خالد مگسی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔دریں اثناء وزیر اعظم جناب محمد نواز شریف نے NA۔267 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوارخالد مگسی کی کامیابی پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی کہ نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کی اور روشن پاکستان کی فتح ہے۔ یہ بلوچستان میں امن لانے کی کوششوں کی فتح ہے۔ یہ بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے جاری سفر کی فتح ہے۔ یہ آنے والے دنوں میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بلوچستان میں ثمرات کی فتح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ شکست ہے اْن عناصر کی جو پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ جو پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے کر یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ان عناصر کو ناکام بنا دیں گے۔