کوئٹہ: خضدار میں ایف سی نے فائرنگ کے تبادلے میں بدزمانہ دہشتگرد کو ہلاک جبکہ اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔ حب میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے کالعدم تنظیم کے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی حکام کے مطابق خضدار کے علاقے فیروز آباد میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر جرائم پیشہ شخص وارث نبی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزم اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ملزم وارث نبی مردوئی ولد دوستین مارا گیا جبکہ اس کے بھائی محمد عیسیٰ مردوئی کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک کلاشنکوف، دو میگزین اور متعدد زندہ کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔ ہلاک ملزم کی لاش ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال خضدار لائی گئی جبکہ گرفتار ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق ہلاک ملزم وارث نبی مردوئی چوری و ڈکیتی، اغواء برائے تاوان ، بم دھماکوں سمیت دہشتگردی کی وارداتوں میں سیکورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ ادھر حب میں پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ بشیر احمد بروہی نے حب میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حب کے پولیس تھانہ ہائیٹ کی حدود رشید آباد میں پولیس نے لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کے گزشتہ روز گرفتار کئے گئے کارندوں منصور ،دوست علی اور دیگر کی نشاندہی پر کارروائی کی اور ایک خالی پلاٹ میں زیر زمین دفن کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسلحہ میں ایک لائٹ مشین گن بمعہ 900 عدد زندہ کارتوس، ایک سٹین گن، دو عدد ریپیٹر ، دو عدد 7 ایم ایم رائفل ، 700عدد کلاشنکوف کے زندہ کارتوس ، 6 عدد واکی ٹاکی سیٹ شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ ایس ایس پی لسبیلہ بشیر احمد بروہی نے مزید بتایا کہ چند روز قبل گرفتار کئے گئے ایک بھتہ خور احمد بخش کی نشاندہی پر غریب آباد میں کارروائی کی اور ملزم کے دو مزید ساتھیوں زین العابدین اور آصف کو گرفتار کرلیا جو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق ظاہر کرکے حب کے صنعتی علاقے میں قائم فیکٹری مالکان سے بھتہ وصول کرتے تھے اور بھتہ نہ دینے پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے موبائل فون بھی برآمد کئے گئے ہیں۔