|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2016

گوادر: قائمہ کمیٹی برائے پورٹ اینڈ شپنگ کے چےئرمین سید غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ ملک اور خصوصاً گوادر سمیت بلوچستان بھر میں اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی جس کیلئے گوادر پورٹ اور شہر سے منسلک ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گوادر میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اور موجودہ حکومت نے گوادر کی ترقی پر بھرپور توجہ دی ہے گوادر بندرگاہ کو فعال بنانے کیلئے بنیادی سہولیات جن میں پانی ، بجلی، صحت اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے ان پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پورٹ اینڈ شپنگ کے 11رکنی وفد میں وفاقی وزیر جہاز رانی ، سنیٹر کامران مائیکل، وفاقی سیکرٹری پورٹ اینڈ شپنگ خالد پرویز سمیت ارکان قومی اسمبلی و دیگر اعلیٰ سرکاری آفیسران شامل تھے۔ قائمہ کمیٹی برائے جہاز رانی کے وفد نے گوادر بندرگاہ ، گوادر پورٹ، سوک سینٹر، گودر فری زون اور ایکسپریس وے کی سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جی پی اے کے چےئرمین کے علاوہ چائنا اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چےئرمین ژانگ باؤزونگ(Zhao bao Zhong) نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر بندرگاہ رواں سال مکمل طور پر فعال ہوجائے گی اور یہاں سے COS,Coکی کارگو شپمنٹ 21مئی کو شروع ہوگی اس کے علاوہ سی پیک فیز 1میپ114ارب روپے کی لاگت سے کوسٹل ہائیو ے ٹو گوادر پورٹ ایکسپریس وے تعمیر کرے گی اور ریلوے ٹریک کی تعمیر پر بھی جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو علاقائی تجارتی ہیڈ کوارٹر بنانا ہمارا خواب ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سے تجارت میں اضافہ ہوگا اس کے علاوہ چین گوادر میں سوشل سیکٹر سمیت مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے جن میں تعلیم ، صحت، توانائی و دیگر منصوبے شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ سینٹر کامران مائیکل اور جی پی اے کے چےئرمین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی بہترین مفاد میں ہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی انتظام کاری کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ گوادر بندرگاہ اپنے قدرتی محل وقو ع کے حوالے سے دنیا بھر میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے پاک چین اقتصادی راہداری کثیر الجہتی ترقیاتی منصوبوں کا مجموعہ ہے اور گوادر بندرگاہ کو ملکی ترقی کی گذرگاہ بنائیں گے اور گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کو اولین ترجیح دی جائے گی انہوں نے کہا کہ میگا منصوبوں کی بدولت یہ خطہ غیر معمولی تبدیلیوں کا مرکز بننے جارہا ہے۔