جمعرات کو شروع ہونے والی پولنگ کے دوران ہی تجزیہ کاروں اورمختلف اداروں کے سروے نے عوامی رائے کے تحت صادق خان کا پلڑا بھاری ظاہر کیا تھا جن کے مدِ مقابل چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ تھے، صادق خان لیبر پارٹی اور زیک گولڈ اسمتھ کنزرویٹو جماعت کے امیدوار تھے اور پولنگ کے آخری وقت تک گولڈ اسمتھ کا گراف نیچے ہی دیکھا گیا جو وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔
صادق خان ڈینٹسٹ بننا چاہتے تھے لیکن ان کے ایک استاد نے ان کی گفتگو اور تقریر کی صلاحیت کو دیکھ کر انہیں قانون کی تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ انسانی حقوق کے علمبردار بنے اس کے علاوہ انہوں نے نسل پرستی کے خاتمے میں بھی اپنا نمایاں کردار ادا کیا۔ 2005 میں وہ پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور 2008 میں وزیرِ اعظم گورڈن براؤن نے انہیں مختلف قومیتوں کا وزیر بنایا۔
صادق خان 1970 میں لندن میں پیدا ہوئے اور ان کے 6 بہن بھائی ہیں، وہ شہر کے جنوب میں رہتے ہیں جہاں مختلف قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، ان کے والد بس ڈرائیور تھے اور ان کا ایک بھائی مکینک کا کام کرتا رہا۔
پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب
وقتِ اشاعت : May 6 – 2016