کوئٹہ: احتساب عدالت نے کرپشن کیسز میں گرفتار سابق ڈی آئی جی پولیس محمد ریاض کو جیل بجھوادیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ورکرز ویلفیئر بورڈ سراج الدین کو چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ نیب حکام کے مطابق بلوچستان پولیس کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی ریاض احمد کو نیب نے رواں سال 16فروری کو بیس کروڑ روپے سے زائد کے ناجائز اثاثہ جات بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے صوبے میں لیویز ایریا کو بی ایریا میں تبدیل کرنے کے حوالے سے منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر کرپشن کی تھی۔ ملزم کو ڈھائی ماہ تک وقتاً فوقتاً جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جاتا رہا ۔ بدھ کو ملزم کو احتساب عدالت ون کے جج عبدالمجید ناصر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھودیا۔ عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ ملزم کے خلاف ریفرنس تیار کرکے عدالت میں دائر کیا جائے۔عدالت نے ملزم کو اٹھارہ مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ علاوہ ازیں رواں سال 12مارچ کو گرفتار ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر ورکرز ویلفیئر بورڈ سراج الدین عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ نیب کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کرمزدوروں کے بچوں کے لئے مختص ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وظائف کو غیر مستحق افراد میں تقسیم کرکے نہ صرف قومی خزانے کو لاکھوں رویوں کا چونا لگایا بلکہ مستحق افراد کو ان کے حق سے بھی محروم رکھا۔