کوئٹہ : کوئٹہ میں پولیس نے پاسپورٹ آفس کے قریب نصب دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنا دیا۔پولیس کے مطابق جوائنٹ روڈ پر پاسپورٹ آفس کے مرکزی دروازے کے قریب مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع پر موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ۔ بی ڈی سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر لوہے کے پائپ میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا ۔ پولیس کے مطابق بم دیسی ساختہ اور ریموٹ کنٹرول تھا جس کا وزن چارسے پانچ کلو گرام تھا ۔ یاد رہے کہ پاسپورٹ آفس کے مرکزی گیٹ کے باہر پولیس اہلکار موجود ہوتے ہیں جبکہ دفتری اوقات میں پاسپورٹ بنانے کے خواہشمند افراد کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ۔ دھماکے کی صورت میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوسکتا تھا۔