|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2016

کوئٹہ:  نیب نے سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کے نام تیسرا سمن جاری کردیا۔ میر خالد لانگو کو بدھ کو نیب آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس سے قبل مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں تحقیقات کیلئے خالد لانگو کو دو بار طلب کیا جاچکا ہے۔نیب ترجمان کے مطابق تیسرے سمن کے بعد سابق مشیر خزانہ کی نیب آفس عدم پیشی کی صورت میں اگلا قدم کیا ہوگا۔ اس حوالے سے میڈیا رائے قائم کرنے سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ خالد لانگو اسلام آباد ہائی کورٹ سے بارہ دن کی حفاظتی ضمانت حاصل کرچکے ہیں ۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب اس کیس کی میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات کررہی ہے۔ میڈیا کے دوستوں سے ایک بار پھر گزارش کی جاتی ہے کہ مشتاق رئیسانی کیس حساس نوعیت کا ہے۔ اس سلسلے میں وہ اپنی صحافتی ذمہ داروں کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹولرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔میڈیا کا ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار رہا ہے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں پر مبنی خبریں گردش کررہی ہیں۔ نیب ذرائع سے بے بنیاد خبروں کو بلا تصدیق نہ چلایا جائے۔ بی اینڈ آر کے کسی آفیسر کے گھر میں پانی کی ٹینکی سے 2 ارب روپے ملنے جیسی خبریں بے بنیاد ہیں۔