کوئٹہ : کوئٹہ میں پولیس ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ بن گئی۔ بم حملے میں بلوچستان پولیس کا بہترین شوٹر عطاء محمد شہید ہوگیا۔ چار ساتھی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ نیو سریاب کی حدود مشرقی بائی پاس پرصدام پھاٹک کے قریب صبح چھ بجکر تیس منٹ پر اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے بلوچستان پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ کی سنگل کیبن ویگو گاڑی اور ایک ٹرک وہاں سے گزر رہا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں ویگو گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار حوالدار عطاء محمد جاں بحق ہوگیا جبکہ چار اہلکار حوالدار شبیر شاہ، عبدالرزاق، عبدالوحید اور ڈرائیور ثناء اللہ زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، پولیس ، ایف سی موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد بتایا کہ دھماکا سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا اور اس میں چار کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ایس پی سریاب ظہور احمد آفریدی کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والا عطاء محمد بلوچستان کانسٹیبلری کا بہترین رائفل شوٹر عطا محمد تھا جو اسلام آباد شوٹنگ مقابلوں کیلئے بلوچستان سے منتخب کیا گیا تھا۔ ساتھی اہلکار اسے ریلوے اسٹیشن پر چھوڑنے جارہے تھے۔ عطاء محمد بہترین رائفل شوٹرہونے ساتھ ساتھ ریپڈ رسپانس گروپ کیاہلکاروں کے ٹریننگ انسٹرکٹربھی تھے۔ کوئٹہ پولیس لائن میں عطا محمد کی نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد میت آبائی علاقے سبی روانہ کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی پولیس احسن محبوب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایس پی سریاب ظہور آفریدی کے مطابق دھماکا علاقے میں ہونے والے سرچ آپریشنز کا رد عمل بھی ہوسکتا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس اور سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردی اور بے امنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں تین ہفتوں کے دوران پولیس پر یہ تیسرا بم حملہ ہے۔ اس سے قبل مشرقی بائی پاس پر آر آر جی کی گاڑی پر بم حملے میں پانچ اہلکار جبکہ سریاب روڈ پر یونیورسٹی کے باہر پولیس چوکی کے قریب دھماکے سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے تھے۔
کوئٹہ، پولیس گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم حملہ ایک اہلکار جاں بحق چار زخمی
وقتِ اشاعت : May 19 – 2016