|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2016

بیجنگ:  پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 65سال مکمل ہونے کے موقع پرمنعقدہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میڈیا فورم نے کہاہے کہ سی پیک کی کامیابی بنیادی اہمیت کی حامل ہے، سماجی میڈیا سے بھی سی پیک کے بارے میں معلومات اور شعور کی آگاہی کے لئے استفادہ کیا جانا چاہیے،پاکستان اور چین نے ہر قسم کے حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ، میڈیا اور تھنک ٹینکس کی اہمیت سی پیک کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئی ہے، سی پیک سے نا خوش قوتیں اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔سی پیک بارے معلومات اور آگاہی کے لئے دونوں ممالک کے صحافیوں کے لئے ایک وی چیٹ گروپ قائم جبکہ سی پیک کے لئے پہلی ویب سائیٹ کے اجراء کا بھی اعلان کیاگیاہے۔ ہفتہ کو پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 65سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں دوسرے چین پاکستان اقتصادی راہداری میڈیا فورم کا انعقاد کیاگیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سی پیک کی اہمیت کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور اور حساسیت پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔مقررین نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ کی فلیگ شپ کے پیش نظر سی پیک کی کامیابی بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔ میڈیا تعاون میں اضافہ کرنا سی پیک کے لئے پلیٖٹ فارم کا قیام کرنا فورم کا موضوع تھا۔پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے ریسرچ وڈولپمنٹ انٹرنیشنل ،آل چائنہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (اے سی جے اے) ،چائنہ اکنامک نیٹ ، پاکستان چین انسٹیٹیوٹ اور تھری گارجز کارپوریشن کے اشتراک سے اس فورم کا اہتمام کیا ۔اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں عوامی جمہوریہ چین (پی آرسی)کی قومی عوامی کانگریس(این پی سی) کی خارجہ امور کمیٹی کے وائس چیئرمین ژاؤ بائیگی ،چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہدحسین سید، چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد ،تسنگ ہوا انٹرنیشنل سینٹر برائے کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر لی ژی گوانگ ،اے سی جے اے کے نائب صدر ژاہی ہوئی شنگ ، پاکستان ریسرچ سینٹر پیکنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ٹانگ مینگ شینگ ،سی پی ای سی میڈیا فورم کے صدر حافظ طاہر خلیل ، سابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن غلام مرتضیٰ سولنگی اور ڈائریکٹر چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل ژاؤ چیاؤ شامل تھے ۔ مقررین نے کی یہ رائے تھی کہ وی چیٹ ، فیس بک، اور ٹوئٹر جیسے سماجی میڈیا سے بھی سی پیک کے بارے میں معلومات اور شعور کی آگاہی کے لئے استفادہ کیا جانا چاہیے۔اس مقصد کے لئے دونوں ممالک کے صحافیوں کے لئے ایک وی چیٹ گروپ قائم کیا گیا ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر قسم کے حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور تھنک ٹینکس کی اہمیت سی پیک کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے سی پیک کے لئے پہلی ویب سائٹ کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کی جنگ ٹینکوں کی نہیں بلکہ پراپیگنڈے کی جنگ ہے ۔ سی پیک سے نا خوش قوتیں اس سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بعض مغربی اخبارات میں چین کے خلاف خبریں بھی دیکھی ہیں ۔پاکستانی سفیر مسعود خالد نے بین الاقوامی تعلقات میں معلومات اور کلچر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک ، پورے خطے اور بالاخردنیا بھر کی معیشت کے لئے سی پیک کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ژاؤ بائیگی نے کہا کہ یہ بی اینڈ آر منصوبے کا پہلا اور انتہائی اہم منصوبہ ہے ۔ اگر سی پیک کو اس کی کامیابی میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا تو دوسرے منصوبوں پر منفی اثر پڑے گا۔