|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین کے بیٹے کی باحفاظت بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں اور محرکات کا جائزہ لے کر انہیں فوری طور پر رپورٹ پیش کی جائے اس قسم کے واقعات قطعی طور پر قابل برداشت نہیں اگر اس واقعہ کی کڑیاں کسی اغواء کار گروپ سے ملتی ہیں تو اس کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان نے قومی شاہراہوں اور سرحدی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے ، چیک پوسٹوں کو بھرپور فعال کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گشت میں اضافے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات اور ان کے خاندان سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ اسد اللہ خان ترین کے بارے میں جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی۔