|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع آواران میں فورسز کے قافلے پر بم حملے میں دو اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے جبکہ بارکھان میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین نامعلوم مارے گئے۔ دوسری جانب ضلع آواران کی تحصیل جھاؤ میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم افرادنے بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔ حملے میں دو اہلکار محراب اور شکیل جاں بحق جبکہ تین اہلکار جمیل، لطیف اور سدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریموٹ کنٹرول بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ ادھر بارکھان اور کوہلو کے درمیانی علاقے نساؤ اور جہبار میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا اہم کمانڈر میرا خان ممدانی مری سمیت تین ارکان مارے گئے۔ باقی دو افراد کی شناخت کریم داد ولد گلیو ممدانی مری اور اس کے بھائی کریمو کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ،دو عدد تھری ناٹ تھری رائفلیں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران دو مشتبہ افراد عظیم الدین اور گلبندین کو بھی حراست میں لیا گیا۔