افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے بین الاقوامی فٹبالر سرگے اوریئر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
سرگے اوریئر کو پیرس میں پیر کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 23 سالہ کھلاڑی فرانس کے فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کی نمائیندگی کرتے ہیں اور مبینہ طور پر ان کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ یہ واقعہ پیرس کے چیمس الیسیس علاقے میں پیر کی علی صبح پیش آیا جب وہ ایک نائٹ کلب سے جارہے تھے۔ ان کے کلب پیرس سینٹ جرمین کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے پر کسی قسم کا بیان دینے سے قبل مزید تفصیلات کا انتظار کریں گے۔ خیال رہے کہ فروری میں سرگے اوریئر کو ایک ویڈیو آن لائن پوسٹ کرنے پر ان کے کوچ لوراں بلانک نے انھیں مختصر مدت کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اس ویڈیو میں انھوں نے بلانک اور کلب کے ساتھی کھلاڑیوں زلاتان ابراہمووچ اور اینجل ڈی ماریا سمیت دیگر کھلاڑیوں کا تمسخر اڑایا تھا۔ سرگے اوریئر آئیوری کوسٹ کی قومی فٹبال ٹیم کی 31 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں اور سنہ 2015 سے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ منسلک ہیں۔آئیوری کوسٹ کے فٹبالر پیرس میں گرفتار
وقتِ اشاعت : May 31 – 2016