|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2016

کوئٹہ :  وفاقی وزیر سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر کشیدگی بڑھانا بھارتی سازش ہوسکتی ہے ، سی پیک دشمنوں کو کھٹک رہا ہے اس لیے پاکستان کے خلاف نت نئے محاذ کھولے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں شہید میجر علی جواد کی تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سیاسی و فوجی قیادت پاک افغان سرحد کشیدگی صورتحال پر سوچ و بچار کررہی ہے ، کل تک پاک فوج کا رد عمل آجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ افغان حکومت کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں ، افغان فورسز کو ضرور اپنی حکومت کی سرپرستی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن پر آج تک اتنی کشیدگی پیدا نہیں ہوئی ، افغان فورسز نے پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ وفاقی وزیر سرحدی امور نے کہا کہ ہم نے افغانستان سے تعلقات کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کی، آرمی چیف نے تین بار افغانستان کا دورہ کیا، افغان صدر کو تاریخ میں پہلی بار جی ایچ کیو بلایا گیا۔ ہم پچاس لاکھ افغان مہاجرین کی تین دہائیوں سے میزبانی کررہے ہیں۔ آج تک کسی پاکستانی نے افغان مہاجرین کو نقصان نہیں پہنچایا۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ افغانستان کو اب تک ہم نے دشمنوں کی فہرست میں شامل نہیں کیالیکن بھارت ہمارا دشمن ملک ہے اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ۔ ہمیں شک ہے کہ بھارت سرحدی کشیدگی بڑھانے میں ملوث ہوسکتا ہے لیکن ابھی اس معاملے میں بھارتی مداخلت کے شواہد آنا باقی ہیں ۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سی پیک دشمنوں کو کھٹک رہا ہے اس لئے نت نئے محاذ کھولے جارہے ہیں لیکن پوری پاکستانی قوم اور فوج متحد اور دشمنوں کی تمام سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے ۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ میجر علی جواد چنگیزی ان دوست کا بیٹھا تھاجس نے انتہائی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ پا ک افغان سرحدی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اپنے ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے جو ضروری اقدامات ہوئے اٹھا ئیں گئے۔