کوئٹہ : کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ شالکوٹ کی حدود میں مغربی بائی پاس کے علاقے سردار کاریز سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ مقتول کی شناخت قمبرانی روڈ کے رہائشی احمد خالق ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو سپورٹس ڈائریکٹریٹ میں چوکیدار تھا۔ لاش کے قریب سے موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی ملا ۔ورثاء کو شبہ ہے کہ احمد خالق کو زہریلا انجکشن لگا کر قتل کیا گیا ہے ۔ورثاء نے یہ بھی بتایا کہ متوفی نشے کا عاد ی تھا اور گزشتہ شب سحری کے بعد گھر میں لڑائی جھگڑا کرکے باہر نکلا تھا۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی، دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بشیر چوک کے قریب مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بناء پر جوتوں کی دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں راہ گیر سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ دو زخمیوں کو سول اسپتال جبکہ زخمی راہ گیر کو بولان میڈیکل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سول اسپتال کے ڈاکٹرکے مطابق دکاندار محمد اسحاق ولد غلام محمد بنگلزئی کو کمر اور دائیں ٹانگ میں دو گولیاں جبکہ اس کے شاگرد جہانگیر ولد علی اصغر قمبرانی کو پیٹ اور کندھے پر دو گولیاں لگی ہیں۔ بی ایم سی منتقل کئے گئے زخمی راہ گیر رکشہ ڈرائیور محمد رفیق ولد خیر محمد مینگل سکنہ ماسٹر کالونی فیض آباد کو ایک گولی کمر پر لگی ہے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ دریں اثناء نوشکی کے علاقے کلی میر شریف خان بادینی میں دو گروہوں کے درمیان تصادم میں کلہاڑیوں کے وار سے ایک شخص نادر بادینی زخمی ہوگیا۔ واقعہ میں ملوث نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔