۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں پولیس تھانے کی عمارت میں دھماکے سے ایک اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او سمیت چھ اہلکار زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے عمارت تباہ ہوگئی۔ ایس ایس پی نصیرآباد سلیم لہڑی کے مطابق نصیرآباد سے تقریباً پچیس کلو میٹر دور واقع پولیس تھانہ نوتال کے مال خانے میں موجود بارودی مواد کے پھٹنے سے زوردار دھماکا ہواجس کے نتیجے میں تھانے میں موجود ایس ایچ او سمیت سات اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی لے جایا گیا جہاں زخمی اے ایس آئی نذیر احمد عمرانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ دیگر زخمیو ں میں ایس ایچ او منظور احمد جمالی ، اہیبت خان، غلام رسول ، احمد خان ،اطہر خان اور ڈرائیور سومر خان شامل ہیں۔تین شدید زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد لاڑکانہ منتقل کردیا گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ مال خانہ مکمل طور پر منہدم جبکہ باقی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام بھی تھانے پہنچ گئے اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیاجس نے شواہد اکٹھے کرلئے۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے پکڑا گیا دھماکا خیز مواد مال خانے میں رکھا گیا تھا جو گرمی کی تپش کی وجہ سے پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔