۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2016

کوئٹہ+خضدار:بلوچستان ضلع کیچ سے تین افراد کی لاشیں برآمد، مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیاگیا ہے، تینوں افراد کالعدم تنظیم کے سابق ارکان تھے، جو پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت سیکورٹی فورسز کے آگے سر نڈر ہوئے تھے، خضدار کے نواحی علاقہ میں کھلونا بم پھٹنے سے تین بچے زخمی ہوگئے، نصیر آباد کے ایک اور پولیس تھانے کے مال خانے میں بارودی مواد پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گوادر اور خضدار میں کالعدم تنظیم کے ارکان نے ہتھیار ڈال دیئے، تفصیلات کے مطابق کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر دور دشت کے علاقے کپکپار سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتولین کی شناخت دشت کمبیل کے رہائشی وحید ولد میاہ، اسلم ولد مدیان اور عنایت ولد مولا بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لیویز کے مطابق مقتولین کالعدم تنظیم کے سابق ارکان تھے اور کچھ عرصہ قبل پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت ہتھیار ڈال کر سیکورٹی فورسز کے سامنے سرنڈر ہوئے تھے ۔ لیویز کے مطابق تہرے قتل کے اس واقعہ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ خضدار کے نواحی علاقہ نواں میں تین بچے ذافر ولد خد ا بخش ،منظو ر احمد ولد غوث بخش ،اور مزمل ولد عبدالقادر کو کچرے کی ڈھیر سے کھلونا نما بم ملا جسے بچے کھلونا سمجھ کر کھلتے رہے کہ اچانک بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے تینوں بچے زخمی ہو گئے جنہیں ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا گیا واقع کے متعلق تفتیش شروع کر دی گئی ،نصیرآباد کی تحصیل چھتر میں واقع پولیس تھانے کے مال خانے میں رکھا گیا بارودی مواد گرمی کی تپش کی وجہ سے دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مال خانے کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بارودی مواد دہشتگردوں سے برآمد کرکے تھانے کے مال خانے میں رکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھی نصیرآباد کے پولیس تھانہ نوتال کے مال خانے میں بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے تھے،کالعدم تنظیم بی آر اے ارماڑہ کے اہم کمانڈر سخی داد عرف طوفان نے ایف سی کمانڈنٹ آفیسر گوادر کے سامنے ہتھیار ڈال کر ملک سے وفاداری کا عہد کر لیا کمانڈر کے ہتھیار ڈالنے سے تحصیل ارماڑہ اور کوسٹل ہائی وے کے حالات میں بہتری آئے گی واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بی آر اے کے کمانڈر سخی داد کے دو اہم ساتھیوں نے ایف سی کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے ،ہتھیار ڈالنے والوں میں وڈھ کے رہائشی جاوید لہڑی ،فتح محمد ساسولی ، رحمت اللہ مینگل اور محمد خان مینگل شامل ہیں۔ چاروں افراد کا تعلق کالعدم لشکر بلوچستان سے تھا ۔