قلات : قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ دو افراد جاں بحق،مچھ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔لیویز کے مطابق سعید احمد ساسولی اور عبدالقیوم ساسولی قلات سے اپنے گھر واقع نیمرغ جارہے تھے کہ نیمرغ کھنڈ کے مقام پر پہلے سے تاک میں بھیٹے ہوئے نا معلوم مسلح افرادنے ان پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سعید احمد ساسولی موقع پر جاں بحق جبکہ عبدالقیوم ساسولی شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی لیویز کی بھاری نفری ہمرا ہ لائن آفیسر غلام مرتضیٰ عمرانی کی سربراہی میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔جہاں پر زخمی اور لاش کو تحویل میں لیکر قلات ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دی جہاں پر شدید زخمی عبدالقیوم ساسولی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔لیویز نے ملزمان کی تلاش کیلئے مختلف راستوں کی ناکہ بندی کردی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کاروائی کررہی ہے ۔تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔مزید کاروائی انتظامیہ کررہی ہے ۔ دریں ا ثناء مچھ میں نامعلوم افراد نے واقعہ پٹرول پمپ پر بیٹھے افراد پر فائرنگ کی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شام کے وقت نامعلوم افراد نے واقعہ پٹرول پمپ پر بیٹھے افراد پر فائر کھول دیا جس سے وہاں بیٹھے تین افراد زخمی ہوگئے ۔جن میں سے ایک صدیق سمالانی جو کہ پولیس فورس کا ڈرائیور ہے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ باقی دو زخمی افراد یحیٰ سمالانی اور عنایت مری کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔واقعہ کے بعد پولیس اور لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔