بیون آئرس: ارجنٹیا کے عظیم سابق فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا، ملک کے صدر موریسیو میکری اور مداحوں نے لیونل میسی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست کی ہے۔
میسی نے کوپا امریکا کے فائنل میں چلی کے ہاتھوں پینالٹی شوٹ پر 2-4 سے شکست کے بعد دلبرداشتہ ہو کر بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔
ڈیا گو میراڈونا نے مقامی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ ‘انھیں (میسی) کو ٹھہرنا ہوگا کیونکہ ابھی ان کے کھیلنے کے دن باقی ہیں’۔
عظیم کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ‘میسی عالمی چیمپیئن بننے کے لیے روس جائے گا’۔
29 سالہ میسی کو دنیا کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے لیکن اتوار کو ہونے والی شکست ارجنٹینا کی جانب سے ان کی عالمی مقابلوں کے فائنل میں چوتھی شکست تھی۔
میسی کی ریٹائرمنٹ پر مداحوں کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مایوسی کے اظہار پر ارجنٹینا کے صدر میکری بھی ان میں شامل ہوئے اور میسی کو قومی ٹیم کا حصہ رہنے کو کہا۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں میکری کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اپنی ٹیم پر بڑا فخر ہے، مجھے امید ہے کہ ہم دنیا کے بہترین کھلاڑی کو کئی سالوں تک دیکھتے ہوئے مسلسل لطف اندوز ہوسکتے ہیں’۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ارجنٹینا کے صدر کے ترجمان نے کہا کہ ‘انھوں نے میسی کو فون کیا اور بتایا کہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر کتنا فخر کرتے ہیں اور انھیں تنقید برداشت کرنے کو کہا’۔
ارجنٹینا کو 1986 میں عالمی چیمپیئن بنوانے والے میراڈونا نے ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کا الزام ملک کی فٹ بال ایسوسی ایشن ( اے ایف اے) پر ڈال دیا۔
انھوں نے میسی کی حمایت نہ کرنے اور شکست کی ذمہ داری قبول نہ کرنے پر اے ایف اے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
میراڈونا کا کہنا تھا کہ ‘وہ لوگ جو انھیں مستعفی یا ایسا کچھ کرنے کو کہہ رہے ہیں تو ایسے میں ہم ارجنٹیا ٹیم کو اس قدر خطرناک نہیں دیکھ پائیں گے’۔
میسی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی پیر کو امریکا سے واپس بیونس آئرس پہنچ چکے ہیں۔