کوئٹہ : مستونگ، لہڑی اور ژوب میں ایف سی نے مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ضلع ژوب میں وزیرستان جانے والے راستے پر گل کچھ کے مقام پر واقع بہادر خان نامی اسلحہ کے اسمگلر کے گھر پر ایف سی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا ۔ کارروائی کے دوران مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں دو کلاشنکوف بمعہ نو عدد میگزین ، چھ عدد تھری ناٹ تھری رائفل ، دو عدد پستول ،دو عدد دستی بم اورمختلف اقسام کی 2900گولیاں شامل ہیں۔دوسری جانب ضلع لہڑی کے علاقے گھوڑی میں ایف سی میں بارودی سرنگ دھماکے کے بعد ایف سی 131ونگ نے علاقے میں سرچ آپریشن کیااور گھر گھر تلاشی لی۔ سرچ آپریشن کے دوران درمان ٹالانی نامی ملزم کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔اسلحہ میں دو تھری ناٹ تھری رائفل بمعہ31کارتوس، 2عدد 7ایم ایم رائفل بمعہ سو کارتوس، چھ عدد کلاشنکوف بمعہ بیس عدد میگزین اور586کارتوس اور ایک عدد بارہ بوررائفل برآمد کی گئی۔ ادھر مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں بھی چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق ایف سی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ فاروق ولد رسول بخش نامی شخص اسلحے کا کاروبار اور ریپیئرنگ کا کام کرتا ہے ۔ اس اطلاع پر ایف سی نے گھر پر چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کرلیا اور گھر کے اندر زیر زمین دفن کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم سے برآمد ہونیوالے اسلحہ میں ایک کلاشنکوف، ایک کلاکوف، ایک پستول، ایک بار ہ بور ، دوربین اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔