کوئٹہ : کوئٹہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزرسردار یارمحمد رند نے کہاہے کہ بلوچستان کی سرزمین ہماری پہچان اورروایات کی امین ہے صوبے کا استحصال اوریہاں کے لوگوں کوغریب ،پسماندگی اورجہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے غیروں سے زیادہ اپنے ہیں جنہوں نے مختلف حربوں ،نعروں اورتنازعات کی سیاست کا پرچار کرکے اجتماعی عوامی مفادات پرسودے بازی کی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے شوران ہاؤس کوئٹہ میں مسلم لیگ بلوچستان کے سابق صوبائی صدر نورخان ترین ایڈووکیٹ ،اقبال شاہ ایڈووکیٹ ،سردار عمردراز خان بھنگراوربھاگ ناڑی کے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔سرداریارمحمد رند نے کہاکہ ملکی سیاست فیصلہ کن موڑمیں داخل ہونے جارہی ہے اورگرم موسمی حالات کی شدت میں کمی کے ساتھ ساتھ سیاسی حالات میں بتدریج گرماگرمی شروع ہوجائے گی ۔پی ٹی آئی بلوچستان سمیت ملکی صورتحال پرگہری نظررکھے ہوئے ہے اورپارٹی قیادت جلد ہی اہم فیصلوں کی جانب بڑھے گی ۔انہوں نے کہاکہ ترقی کے قومی اہداف کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی ترقی کاعمل فریز ہوچکاہے اورصوبے میں کوئی قابل ذکرنیامیگاپروجیکٹ تشکیل نہیں دیاگیا۔زرعی ترقی کے اہم منصوبے کچھی کینال کواولین ترجیحات میں شامل کرنے کے بجائے جزوی فنڈز کے ذریعے وسیع المدتی منصوبے کی شکل دیکردانستہ طورپراسکی مجموعی لاگت میں اضافہ کرکے اسے ناقابل عمل منصوبوں کی فہرست میں شامل کرنے کی سازشیں دکھائی دے رہی ہیں حکمرانوں کے استحصال کے باوجود ہماراکسان دن رات ایک کرکے صوبے اورملک کی ضروریات پوری کررہاہے ہمارا پختہ عزم ہے کہ جب بھی اقتدار میں آئے کسانوں سے ہونے والی انصافیوں کاازالہ کریں گے۔سردار یارمحمد رند نے بھاگ کے شہریوں کو یقین دلایاہے کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اوربھاگ کو فراہم کردہ پانی کامعیار عالمی سطح کا ہوگا۔عوام کے تما م مسائل حل کئے جائیں گے۔ اس موقع پرمیرحکیم میران خان رند ،میربیرک خان رند اورمیرمہمیندخان رند بھی موجودتھے ۔