سوراب : جمعیت علماء اسلام ف کے سیکریٹری جنرل ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پانا ما لیکس ہو وکی لیکس یا میمو گیٹ یہ سب عالمی سطح کے واقعات ہیں ان سے انکار ممکن نہیں لیکن ان کے وقت اور ٹائمنگ پر غور کرنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے ہمیںیہ سمجھنا ہوگا کہ ان معاملات کا لیک ہو نا کس کا ایجنڈا ہے ان کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے جن جن کی آف شور کمپنیاں ہیں اور جس جس نے کرپشن کی ہے یا جن جن لوگوں نے ناجائز طریقے سے پیسے بیرون ملک منتقل کی ہے ان کی چھان بین کر کے انھیں انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یہاں سوراب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قبل ازیں انہوں نے چھڈ گمبولہ میں مولوی رحمت اللہ گدر پمپ میں حافظ ثناء اللہ کے بھائی اور جامعہ مسجد سوراب میں مولوی نذیر احمد لانگو کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کی اس موقع پر جے یو آئی ف قلات کے امیر آغامحمود شاہ،صوبائی سالار حافظ ابراھیم لہڑی ،تحصیل امیر مولانا محمد اسماعیل قمبرانی،مولانا حامد اللہ لانگو،ڈاکٹر محمد ایوب رودینی،مولانا عبدالکریم،مولی نذیر احمد،مولانا ہدایت اللہ اور بڑی تعداد میں دیگر کارکن ان کے ہمراہ تھے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہو ئے انہو ں نے مزید کہا کہ کرپشن ملک کے اندر ہو یا باہر ناقابل معافی جرم ہے پانا ما لیکس پر احتجاج جلسے جلوس اپوزیشن کا حق ہے لیکن مسائل کے حل کا اصل فورم سڑکیں نہیں پارلیمنٹ ہے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے کہ جس سے سسٹم کو خطرہ ہو انہو ں نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی را ہداری اور پاکستان اورچین کے مابین ہو نے والے دیگر معاہدوں کی وجہ سے پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہو چکا ہے ہمیں ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہوگا جوکہ ترقی اور معاشی استحکام کا راستہ روکے انہو ں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اقتصادی راہداری کا پہلا فائدہ بلوچستان کے عوام کو ملنا چاہیے تاکہ صوبے سے بے روزگاری ،پسماندگی،غربت ،تعلیم اور صحت جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ جب سے چائنا کے ساتھ اکنامک کوری ڈور معاہدہ ہوا ہے پڑوسی ممالک سمیت عالمی طاقتوں کے پیٹ میں مروڑ پیدا ہوچکی ہے ان کی پوری کوشش ہے کہ بلوچستان میں بدامنی پیدا کرکے چین سمیت پوری دنیا کو یہ تا ثر دیا جائے کہ بلوچستان میں امن و امان نا گفتہ بہ ہے دوست ملک کو مایوس اور بد ظن کرنے کے لیے انڈیا را کے زریعہ یہاں حالات خراب کرنے میں مصروف عمل ہے لیکن ہمارے مسلح افواج کے جوان اپنی جان پر کھیل کر ان سازشوں کو نہ صرف ناکام بنا رہے ہیں بلکہ بے نقاب بھی کر رہے ہیں ہمارے افواج اور حکومت پر عزم ہیں کہ وہ اس منصوبے پر عمل درآمدکراکر دم لینگے۔