کوئٹہ : تربت سے لاپتہ پولیس حوالدار کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق تربت کے علاقے آبسر کا رہائشی پولیس حوالدار گل محمد تین دن قبل گھر سے ڈیوٹی پر جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا اورا س کی موٹر سائیکل شہر سے ملی تھی۔ لاپتہ اہلکار کی لاش بدھ کو تربت کے علاقے کیچ ندی میں ایک پل کے نیچے سے ملی۔ انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے مطابق پولیس حوالدار کسی کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ موقع سے ایک چادر بھی ملی ہے۔ ایس پی تربت عمران قریشی کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہوسکتا ہے تاہم پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہے۔