|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں انٹی نار کوٹیکس فورس اور فرنٹیئر کور نے مشترکہ آپریشن کے دوران منشیات بنانے والی سات فیکٹریوں کو مسمار کردیا۔ دس ہزار کلو گرام سے زائد منشیات بھی پکڑی گئی۔ اے این ایف بلوچستا ن کے جوائنٹ ڈائریکٹر کرنل رضا قاضی کے مطابق قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے کلی احمد خان میں انٹی نار کوٹیکس فورس نے خفیہ اطلاع پر ایف سی کے ساتھ ملکر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران چرس اور ہیروئن بنانے والی سات فیکٹریوں کو مسمار کیاگیا۔ فیکٹریوں کا سامان اور دس ہزار کلو گرام سے زائد چرس اور ہیروئن بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی سے قبل ہی ملزمان فرار ہوگئے اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔برآمد کی گئیں منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔ ان فیکٹریوں سے منشیات کے مقامی اور بین الاقوامی اسمگلروں کو منشیات فروخت کرکے اندرون ملک اور بیرون ملک اسمگل کی جاتی تھیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ایف سی کے تین سو سے زائد اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی کی ۔کارروائی کے دوران مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق مسمار کی جانے والی دو فیکٹریوں کے مالک اسد خان ولد محمد خان غبیزئی جبکہ نصیر خان ولد آدم خان غبیزئی، محمد ہاشم غبیزئی، محمد موسیٰ ولد دادرو خان غبیزئی، عبیداللہ ولد فیض حنفیا ملیزئی اور طاہر ملیزئی ایک ایک فیکٹری کے مالک ہے تاہم ان ملزمان میں کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔