|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2016

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت کسی فوجی بغاوت یاحکومت کا متحمل نہیں ہو سکتا،پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کیا ،افسوس نواز شریف ایسا نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں کبھی پریشان نہیں ہوا، اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے آئین کی شکل ہی بگاڑ دی ہے۔ ہم نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملات کو آئین کے مطابق چلانے کی کوشش کی۔ بدقسمتی سے وزیراعظم نواز شریف نے ایسا نہیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے۔ ہمارے دور میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کامیاب رہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے خلاف کیسز پندرہ سال بعد اب پبلک اکاونٹس کمیٹی کے پاس بھیجے گئے ہیں۔ میں ان کیسز میں باعزت بری ہو چکا ہوں۔ اس بات سے اس ملک کا قانون آپ دیکھ سکتے ہیں۔اپنی سزا کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے سزا دی گئی بعد میں معاملہ اے پی سی میں آیا، ہمارے دور میں دہشت گردوں کیخلاف ملٹری آپریشن کامیاب رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس پر پی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا موقف ایک ہی ہے، ہم متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلیں گے، اگر ٹی او آرز پر تمام جماعتیں متفق ہیں تو ضرور بننے چاہئیں، پی پی کا احتساب تو ہمارے دور میں بھی ہورہا تھا، سب کا احتساب ہونا چاہئیے۔دریں اثناء انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں علی حیدرگیلانی کی بازیابی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔