کوئٹہ : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد حب زون کا آرگنائزنگ باڈی اجلاس زیر صدارت زونل ڈپٹی آرگنائزر منعقد ہوا ۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے رکن میران بلوچ تھے۔اجلاس میں مرکزی سرکیولر،سابقہ کارکردگی رپورٹ،تنظیمی امور،تنقیدی نشست،علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے ۔اجلاس کا باقائدہ آغاز عظیم بلوچ شہداء کی یاد میں خاموشی سے ہوئی ۔اجلاس سے بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کی جدوجہد بلوچ قومی تحریک کو ناقابلِ شکست بنا چکی ہے۔ فورسز کی بربریت کے باوجود تحریک میں تسلسل بلوچ عوام و جہدکاروں کی آپس میں اعتماد کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔ریاست تحریک کو کاؤنٹر کرنے کے لئے بلوچ عوام و آزادی کی جہد کاروں کے درمیان فاصلہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ بلوچ عوام کو گمراہ کرکے تحریک سے دور کیا جا سکے۔ اپنے ان ہتھکنڈوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نام نہاد قوم پرست و مڈل کلاس گروہ پارٹی نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل و دیگر لوگوں کو یہ زمہ داری سونپی ہے تاکہ یہ لوگ بلوچ عوام کے ذہنوں کو منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے سے تحریک سے دور کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض کے تمام اداروں کا بلوچ تحریک کے خلاف حواس باختگی کی حد تک سرگرم ہونا اور بلوچ نسل کشی کی کاروائیوں میں شدت لانا قابض کی شکست خوردگی و نفسیاتی شکست کی علامت ہے۔ بلوچستان پر اپنی قبضہ گیریت کی کمزور ہوتی گرفت کو مضبوط کرنے کے لئے ریاست ہرممکن کوششوں میں مصروف ہے، لیکن بلوچ جہدکاروں و عوام کی قربانیاں ریاستی کوششوں و سازشوں کی ناکامی کا سبب بن رہے ہیں۔