کوئٹہ : کوئٹہ میں ایف آئی اے نے کسٹم کے دو انسپکٹرز کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کسٹم کے دو انسپکٹرزمحمد ذکریاآرائیں اور تنویر حسن کو گرفتارکرکے تفتیش کیلئے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا۔ دونوں گرفتار کسٹم انسپکٹرز پر الزام ہے کہ انہوں نے 2013ء میں نان کسٹم پیڈ (کابلی )گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی رعایتی مہم (وہیکل ایمنسٹی اسکیم ) میں فراڈ کیا ہے۔ دونوں افسران نے کم از کم ایسی دو لینڈ کروزر نان کسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن کیں جو پاکستان میں موجود ہی نہیں تھیں ۔ رجسٹریشن کے بعد جاپان میں موجود ان نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو پاکستان لایا گیا ۔ اس دھوکے بازی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق اس فراڈ کیس کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ایمنسٹی اسکیم کے تحت مزید درجنوں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔