کوئٹہ : وفاقی سیکریٹری برائے پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ نے کہاہے کہ افسران و ملازمین صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریکوری میں اضافہ کے لیئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں اور اس سلسلے میں مختلف انتظامی اور تکنیکی تدابیر اختیا ر کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کیسکو ہیڈ کوارٹر میں افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل جوائنٹ سیکریٹری پانی و بجلی مہر علی شاہ، چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر رحمت اللہ بلوچ، سی ای او (PITC ) حسن توقیر بخاری، ڈائریکٹر جنرل (پیپکو)محمد انصار،جنرل منیجر( پیپکو)محمد سلیم، امتیاز احمد کے علاوہ کیسکوکے تمام سرکلز کے سپریٹنڈنگ انجینئرز اوردیگر اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری برائے پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ نے کہاکہ بجلی سے متعلق تمام مسائل کاحل اور صارفین کی شکایات کی بروقت ازالے کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کمپنی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیئے کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ریکوری کی صورتحال کو بھی بہتر بنائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کریں جبکہ نا دہندگان کے کنکشنز کو فوری طور پر منقطع کریں اور رقم کی مکمل وصولیابی تک انکے کنکشنز دوبارہ بحال نہ کیئے جائیں۔ محمد یونس ڈھاگہ نے کہاکہ ملک کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں جدید موبائل سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جسکے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیسکو موبائل ریڈنگ پر خصوصی توجہ دیکر اسے ایک خصوصی مہم کی طرح چلائیں۔وفاقی سیکریٹری برائے پانی وبجلی نے کیسکو کے تمام افسران کو سختی سے تا کید کی کہ بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں تا کہ بجلی چوری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ اچھی کار کر دگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کیا جائے گا تا کہ وہ مزید محنت و لگن سے کام کریں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئررحمت اللہ بلوچ نے وفاقی سیکریٹری پانی وبجلی کو کیسکوکی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اورصوبہ میں بجلی کی موجودہ صورتحال،لائن لاسز، موبائل ریڈنگ اور ریکوری کی صورتحال پرتفصیلات بتائیں۔