|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2016

کوئٹہ : ایف آئی اے نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کسٹم کے کلیئرنگ ایجنٹ کو گرفتار کرلیا ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کسٹم کے نجی کلیئرنگ ایجنٹ حاجی جاوید پر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی رعایتی مہم میں فراڈ کا الزام ہے ۔ ملزم نے جاپان میں موجود گاڑیوں کی جعلی فائلیں بناکر ان کی کوئٹہ میں این ایل سی کے پارکنگ میں موجودگی کو ظاہر کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ایف آئی اے حکام نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ جام ساکا کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے گرفتار ملزم کو چار روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔ اسی کیس میں ایف آئی اے نے چند روز قبل کسٹم کے دو انسپکٹرز کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کسٹم انسپکٹرز نے اہم انکشافات کئے ہیں جس کی روشنی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے رعایتی مہم (ایمنسٹی اسکیم) سے فائدہ اٹھانے والے درجنوں دیگر گاڑیوں کی فائلوں کی جانچ پڑتال بھی شروع کی جائے گی