|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2016

موغادیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایئرپورٹ کے قریب ہونے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایک دھماکا موغادیشو میں واقع اقوام متحدہ کے سیاسی دفتر کے قریب ہوا۔

ایک اے ایف پی رپورٹر کے مطابق جائے وقوع پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

موغادیشو کا ایئرپورٹ شہر میں واقع افریقی یونین کے مشن کے ساتھ واقع ہے.

واضح رہے کہ صومالیہ میں القاعدہ کی ذیلی شدت پسند تنظیم ‘الشباب’ کی جانب سے اکثر و بیشتر حملے کیے جاتے رہتے ہیں۔

رواں برس جنوری میں بھی موغادیشو کے ایک ہوٹل پر ’الشباب‘ کے حملے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہوٹل پر حملے سے ایک ہفتہ قبل الشباب نے صومالیہ کے جنوب مغرب میں کینیا کے ایک فوجی بیس پر بھی حملہ کیا تھا۔

مذکورہ حملے کے حوالے سے الشباب کا کہنا تھا کہ اس نے تقریباً 100 فوجیوں کو ہلاک کرکے ان کے ہتھیار اور گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔

صومالیہ کی 22 ہزار سے زائد فورسز الشباب کے خلاف سرگرم عمل ہیں، جس نے 2011 میں موغادیشو میں کارروائیوں کا آغاز کیا اور جو اب بھی حکومتی فورسز کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کی جاتی ہے۔