|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق عزیز الرحمان ولد گل محمد بنگلزئی کی تھانہ سریاب میں انویسٹی گیشن میں ڈیوٹی تھی اور چکی شاہونی میں واقع اپنے گھر سے سادہ کپڑوں میں ڈیوٹی کیلئے جارہا تھا۔ گھر کے ساتھ ہی گلی میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا جن میں سے ایک گولی عزیز الرحمان کے گلے میں لگی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی کو سول اسپتال کے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر منتقل کردیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔