|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2016

کوئٹہ : ضلع کیچ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں ۔ لیویز کنٹرول تربت کے مطابق کیچ کے نواحی علاقے شہرک سے لیویز کو دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیاگیا ہے۔ دونوں افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تربت پہنچائی گئیں جہاں ان کی شناخت محمد لطیف ولد در محمد اور محمد نوید ولد مختار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔دونوں کا آبائی تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے بتایا جاتا ہے ۔ محمد نوید کے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ کراچی کا لکھا ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے تاہم دونوں افراد کے اغواء یا گمشدگی کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے ایران جارہے تھے یا پھر مزدوری کیلئے کیچ آئے تھے۔ پنجگور سے ایک ماہ قبل لاپتہ ہونیوالے شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔ لیویز کے مطابق پنجگور کے علاقے سبز آب میں رخشان ندی کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جو شناخت کیلئے سول اسپتالپنجگور پہنچائی گئی۔ پندرہ سے بیس دن پرانی ہونے کی وجہ سے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ موت کی وجہ کیا ہے ۔ لیویز کے مطابق لاش کی گرمکان کے رہائشی شہیب ولد درے خان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک ماہ قبل لاپتہ ہوگیا تھا۔تربت میں پولیس نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حب کے علاقے کیچ کور میں پولیس اہلکار معمول کے مطابق گشت کررہے تھے اس دوران دومشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ فرار کی کوشش کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل گر گیا جسے پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ تلاشی لینے پر ملزم کے قبضے سے ایک روسی ساختہ دستی بم، ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ میگزین اور کارتوس، ایک موبائل فون اور چھ مختلف موبائل سمز برآمد کرلئے۔ ملزم کی شناخت صبور احمد کے نام سے ہوئی ہے جو تربت کے علاقے بگ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ کوئٹہ /ژوب فرنٹیئر کوربلوچستان اور حساس اداروں کی کوئٹہ اورژوب میں کارروائیاں کوئٹہ سے چار مشتبہ افراد جبکہ ژوب سے کالعدم تنظیم کے سہولیات کوگرفتارکرکے تفتیش شروع کردی ۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکوربلوچستان کی کوئٹہ کے علاقے انگوری باغ میں کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کوحراست میں لیکرتفتیش شروع کردی جبکہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں ایف سی اورحساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے سہولت کار کوگرفتارکرلیا ۔