جرمنی کی فٹبال ٹیم کے کپتان بیسٹیئن شوانسٹائیگر نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے مڈفیلڈر 31 سالہ شوانسٹائیگر 2014 میں برازیل میں ہونے والے عالمی کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھا۔ شوانسٹائیگر جرمنی کی جانب سے سب زیادہ میچز کھیلنے والے چوتھے کھلاڑی ہیں انھوں نے 120 میچ کھیلے۔ ان کے علاوہ لوتھر میتھواس 150، میراسلوو کلوزے 137 اور لوکس پڈولسکی 129 میچ کھیل چکے ہیں۔ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے بیان نہ کیے جانے والے، خوبصورت اور کامیاب لمحات کا تجربہ کرنے کا موقع ملا۔‘ شوانسٹائیگر نے بین الاقوامی فٹبال کا آغاز کیا سنہ 2004 میں کیا اور جرمنی کی جانب سے سب سے زیادہ یورپی چیمپیئن شپ کے میچ کھیلنے کا ریکارڈ قائم کیا جن کی تعداد 18 ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’میری دیرینہ خواہش تھی کہ ہم وہ ٹائٹل جرمنی لے کر آئیں جو سنہ 1996 کے بعد سے ہم نہیں جیت پائے تھے۔‘ بائرن میونخ کے سابق کھلاڑی نے مزید کہا کہ ’2014 کے عالمی کپ میں کامیابی کے ساتھ ہم نے تاریخی اور جذباتی طور پر کچھ ایساحاصل کیا جو میں اپنے کریئر میں دوہرا نہیں پاؤں گا۔‘ ’اس لیے مزید نہ کھیلنے کا یہ صحیح اور عقلمندانہ فیصلہ ہے۔ آئندہ کوالیفیکیشن راؤنڈ اور عالمی کپ 2018 کے لیے میری نیک تمنائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘جرمن فٹبال ٹیم کے کپتان شوانسٹائیگر ریٹائر
وقتِ اشاعت : July 29 – 2016