کوئٹہ : کوئٹہ میں کانگو وائرس کے شبے میں بارہ سالہ بچی کو اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فاطمہ جنا ح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال ڈاکٹرتاج رئیسانی کے مطابق بارہ سالہ بچی کو کانگو وائرس کے شبے میں کوئٹہ لایا گیا ہے جسے اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے ، کانگو وائرس کی تصدیق کے لیے بچی کے نمونے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھیجوادیئے گئے ہیں ، ڈاکٹر تاج کا کہنا ہے کہ رواں سال بلوچستان کے مختلف علاقوں سے کانگو وائرس کے 73 کیسز آئے ہیں ، جن میں سے صرف اٹھارہ مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، اس وقت وارڈ میں کانگو وائر سے مثاثرہ تین مریض زیرعلاج ہیں۔