|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2016

کوئٹہ: نیب بلوچستان نے ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں سابق ڈی آئی جی پولیس ریاض احمد کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ عدالت نے ملزم کے دو بیٹوں سمیت چار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ترجمان نیب کے مطابق سابق ڈی ٓئی جی بلوچستان پولیس و بی ایریا سے اے ایریا منتقلی کے سابق پروجیکٹ ڈائر یکٹر ریاض احمد پر 20 کروڑ سے زائد کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔ ملزم سے تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے دو ران سروس مختلف عہدوں پر رہ کر بڑے پیمانے پر کرپشن کرتے ہوئے ڈی ایچ اے لاہور، بحریہ ٹاون اسلام آباد، پارک انکلیو اسلام آباد پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی، ایڑن ویلیو ہومز لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کے بنگلے، فلیٹ اور قیمتی جائیداد بناء ہے ۔ترجمان کے مطابق نیب بلوچستان نے ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کر کے ملزم کو چند ماہ قبل گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا تھا ۔ جبکہ کیس سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آج ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیاگیا ۔ احتساب عدالت میں سابق ڈی آئی جی کو جیل سے پیش کیا گیا ۔ عدالت نے ریفرنس جمع ہونے کے بعد ملز م کے دو بیٹوں سمیت 4 بے نامی داروں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کر دئیے۔