کوئٹہ : صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے معاشی اور اقتصادی ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا اور لوگوں کے لئے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے کوئٹہ میں ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے حکومت کا فیصلہ ہے کہ صوبے کے عوام کی ترقی بہتری ، امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ، گوادر ڈیپ سی منصوبے کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ ایکسپریس وے اور گوادر بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سے صوبے میں معاشی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صدرمملکت نے کہا کہ حکومت صوبے میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے پرعزم ہے ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کو بھی دوسرے صوبوں کے مساوی لایا جائے ۔ صدرمملکت نے عوام کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے بلوچستان کی ترقی اور صورتحال میں صدرمملکت کی طرف سے گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے صدرمملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اہم سیاسی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ کیا۔قبل ازیں گورنر ہاؤس آمد پر صدرمملکت کوبلوچستان کانسٹیبلری کے چاک و چوبند دستے نے گارڈآف آنر پیش کیا۔کوئٹہ کے ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنربلوچستان محمدخان اچکزئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، وزیرداخلہ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ،کمانڈرسدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن ، آئی جی پولیس اور اعلیٰ حکام نے صدرممنون حسین کا استقبال کیا۔صدرمملکت کوئٹہ کے دورے میں صوبائی اسمبلی کے ارکان، پارلیمانی جماعتوں اور عمائدین بھی ملاقاتیں کریں گے۔