برمنگھم: برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 141 رنز سے شکست دے کر 4 میچز پر مشتمل سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ اوپننگ بلے باز محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اظہرعلی 38 رنز ہی بنا سکے۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 92 تک پہنچا تو یونس خان بھی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
چوتھی وکٹ پر سمیع اسلم اور کپتان مصباح الحق نے 32 رنز کی شراکت قائم کی تو کپتان بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسد شیق اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ سمیع اسلم سب سے زیادہ 70 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو میچ بچانا بھی مشکل دکھائی دیا جس کے بعد یاسر شاہ 7 اور محمد عامر 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
آخری وکٹ پر سہیل خان اور راحت علی نے انگلش بولروں کے سامنے بھرپور مزاحمت کی تو میچ بچانے کی امید روشن ہوئی، دونوں بلے بازوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 201 رنز تک پہنچا تو سہیل خان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ راحت علی 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس، اسٹیون فن اور معین علی، جیمزانڈریسن اور اسٹارٹ براڈ نے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں کھیل کے پانچویں روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو جونی بریسٹو 82 اور معین علی 60 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، معین علی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 86 رنز کی اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جونی بریسٹواپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ کر سکے اور 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز 445 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔