انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے اطالوی کلب یووینٹس کے مڈفیلڈر پال پوگبا کی خدمات آٹھ کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت کے عوض حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پوگبا کو چار برس قبل مانچسٹر یونائیٹڈ نے ہی صرف 15 لاکھ پاؤنڈ کے عوض یووینٹس کو فروخت کیا تھا اور اب ٹیم کے نئے کوچ جوزے مرینیو انھیں بھاری معاوضے پر واپس لے آئے ہیں۔ 23 سالہ پال پوگبا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ پانچ برس کا معاہدہ کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ اس کلب میں ان کی واپسی اور وہ سب کچھ حاصل کرنے کا درست وقت ہے جس کی وہ خواہش رکھتے ہیں۔ جوزے مرینیو کا کہنا ہے کہ فرانس سے تعلق رکھنے والے پوگبا اگلی دہائی میں اس کلب کے لیے دل کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق برطانوی کلب اطالوی کلب کو دس کروڑ 50 لاکھ یورو ادا کرے گا جبکہ مزید 50 لاکھ رویو کارکردگی سے مشروط بونسز کی شکل میں پوگبا کو ادا کیے جائیں گے۔ یہ فٹبال کی تاریخ کا سب سے مہنگا ٹرانسفر معاہدہ ہے۔ اس سے قبل سنہ 2013 میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے لندن کے کلب ٹوٹنہم کو گیرتھ بیل کے لیے آٹھ کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ ادا کیے تھے۔ پوگبا نے یورو مقابلوں میں فرانس کی عمدہ کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا مرینیو مانچسٹر یونائیٹڈ کا کوچ بننے کے بعد پوگبا سمیت چار نئے کھلاڑی خرید چکے ہیں۔ بقیہ تین کھلاڑیوں میں ہسپانوی کلب ولا ریال کے لیے کھیلنے والے آئیوری کوسٹ کے 22 سالہ ایرک بیلی،سویڈن کے 34 سالہ سٹرائیکر زلتان ابراہیمووچ اور آرمینیا کے فارورڈ ہینریخ ختاریان شامل ہیں۔ مرینیو کو ڈچ کوچ لوئی وان گال کی جگہ کلب کا نیا کوچ بنایا گیا تھا۔ وان گال کے دور میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے کھلاڑی خریدنے پر قریباً 200 ملین سے زیادہ پاؤنڈ سے زیادہ رقم خرچ کی لیکن ٹیم پریمیئیر لیگ کی پہلی چار ٹیموں میں نہ آ سکی۔ اس پرفارمنس پر وان گال کو معاہدے کی مدت سے ایک سال پہلے ہی فارغ کر دیا گیا تھا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کلب 27 سال تک مینجر رہنے والے ایلکس فرگوسن کی ریٹائرمنٹ کے بعد تین سالوں میں تین کوچ تبدیل کر چکا ہے۔ جوزے میرینو کو انگلش پریمیئر لیگ میں ایلکس فرگوسن کے بعد سب سے کامیاب کوچ تصور کیا جاتا ہے۔ جوزے میرینو نے بطور چیلسی کوچ تین پریمئیر لیگ ٹائٹل جتوائے لیکن گذشتہ برس چیلسی کلب کی بری کارکردگی کی وجہ سے انھیں فارغ کر دیا گیا تھا۔پوگبا کی 89 ملین پاؤنڈ میں مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی
وقتِ اشاعت : August 9 – 2016