کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے چار ارکان مارے گئے جبکہ سوراب سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق ضلع کوہلو کی تحصیل میوند میں ایف سی اور حساس اداروں نے کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں دو ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران ان کے کئی ٹھکانے تباہ کئے گئے جبکہ فضائی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار ارکان مارے گئے۔ ہلاک افراد سیکورٹی فورسز پر حملوں، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔دوسری جانب ضلع پنجگور کے نواحی علاقے سوراب میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی اور یوم آزادی پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کیا گیا جس میں راکٹ لانچر، راکٹ گولے، لائٹ مشین گن اور بندوقیں شامل ہیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے یوم آزادی کی تقریبات کو نشانہ بنانے کیلئے یہ اسلحہ چھپا رکھا تھا۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افرا دکی سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ جواب کارروائی پر حملہ آور فرار ہو گئے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں واقعہ سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی سیکورٹی فورسز کی جوابی کا رروائی پر حملہ آور فرا رہو گئے تاہم فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کے اطلاع نہیں ملی۔