خضدار : نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر طاہر جان بزنجو اور مرکزی رہنماء وصوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ جھالاوان کے عوام نے بابائے بلوچستان کی برسی میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ جھالاوان بابائے بزنجو کے فکر و فلسفہ کا مرکز ہے ،ہم عوام کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بلوچ قوم اور بلوچستان کی شناخت میر بزنجو کی برسی میں نہ صرف بڑی تعداد میں شرکت کی بلکہ جلسہ کے اختتام تک تمام مقررین کی باتیں سنیں،خواتین نے جس بڑی تعداد میں جلسہ میں شرکت کی اس کی مثال آج سے پہلے کبھی نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماوں کا کہناتھا کہ فخر بلوچستان بابا بزنجو کی سوچ انسانیت کے لئے تھا وہ انسانوں کی ترقی چاہتے ہیں انہوں نے اپنی سیاست کا حقیقی وارث نوجوان سیاسی کارکنوں کو قرار دیا اور کل برسی میں سب سے بڑی تعداد نوجوانوں کا تھا نوجوانوں کی بابا کے قافلے میں اتنی جوش و جزبے کے ساتھ شامل ہونا اور برسی کے جلسے کو کامیاب کرنا اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ نوجوان بھی فکر بزنجو سے لیس ہو کر قوم کی خدمت کرنے کا جزبہ رکھتے ہیں صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا کہ برسی کے جلسہ میں نیشنل پارٹی خیبر بختونخواء ،پنجاب ،اسلام آبا د اور صوبہ سندھ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی جھالاوان کے عوام نے اپنے محبوب رہنماء کی برسی میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے مہمانوں کے سامنے بھی اس بات کو ثابت کر دیاہے کہ فکر بزنجو آج بھی زندہ ہے اور آئند ہ بھی زندہ رہے گا ہم برسی کے مناسبت سے منعقد جلسہ عام میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں خواتین سیاسی کارکنان عوام صحافیوں اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔