کوئٹہ: کوئٹہ میں افغان باشندے کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادراکے دو افسران سمیت تین ملزمان اور شناختی کارڈ کے حامل افغان باشندے کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع ملنے پرکوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ پر چھاپہ مار کر افغان باشندے حبیب اللہ اور ایجنٹ عزت اللہ کو رنگے گرفتار کرلیا۔ افغان باشندے کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے کوئٹہ میں نادرا کے ڈبل روڈ پر واقع دفتر پر چھاپہ مارا اور نادرا کے زون اسسٹنٹ ڈائریکٹر منظور بگٹی اور نادرا انٹیلی جنس آفیسر نثار ہزارہ کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ نادرا افسران نے ایجنٹ عزت اللہ کی ملی بھگت سے چند ماہ قبل ہی افغانستان سے آنے والے افغان باشندے حبیب اللہ کو پانچ لاکھ روپے کے عیوض غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد نادرا افسران کو تفتیش کیلئے ایف آئی اے دفتر منتقل کردیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔