|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات ، ہرنائی ،واشک اور کیچ میں فائرنگ کرکے دو بھائیوں سمیت دس افراد کو قتل کردیا گیا۔لیویز کے مطابق پہلا واقعہ ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے درگ میں پیش آیا جہاں رات گئے نامعلوم مسلح افرادنے ہزار خان مری نامی شخص کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔ زخمی خاتون بی بی کٹے دختر مہران خان کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔مقتولین میں ہزار خان کے دو بیٹے خدائے داد اور زر ملوک کے علاوہ دو مہمان علی جان ولد لال خان ، ، حبیب عرف سہراب خان ولد بہرام خان شامل ہیں۔ لیویز نے لاشیں سول اسپتال شاہرگ منتقل کردیں۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں میں دو افراد کچھ عرصہ قبل کالعدم تنظیم سے تعلق چھوڑ کر سیکورٹی فورسز کے سامنے سرنڈر ہوئے تھے۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ تاہم واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ادھر ضلع قلات میں چار افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ لیویز کے مطابق قلات کے علاقے نیمرغ میں گوربرات کے مقام پر مقامی افراد نے چار افراد کی لاشیں ملنے کی اطلاع دی ہیں ۔ مقامی افراد کے مطابق چاروں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیاگیا ہے۔ لیویز کے مطابق مقتولین کی شناخت دلشاد ولدقادر بخش ، کریم ولد پیر داد، حبیب عرف ولو ولد پیر داد ،شاہ نظر ولد عظیم کے طور پر ہوئی ہے ۔چاروں افراد شور پارود کے رہائشی اور ساسولی اقوام سے بتائے جاتے ہیں۔ لیویز کے مطابق چاروں افراد کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور کچھ عرصہ قبل سرنڈر ہوئے تھے ۔ انہیں ایک روزقبل معلوم افراد نے اغواء کیا اور آج انہیں گولیاں مار کر لاشیں ویرانے میں پھینک دیں۔ اطلا ع ملنے پر لیویز علاقے میں پہنچ گئیں تاہم اندھیرے کی وجہ سے لاشیں نہیں اٹھائی جاسکیں۔ لیویز کے مطابق لاشیں اب صبح ہی تحویل میں لیکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کی جائیں گی۔ ادھر ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں شنگر کے مقام پر نامعلوم افراد نے منگچر سے برتن بیچنے کیلئے آنے والے محمد ایوب اور اس کے بیٹے عبدالعزیز کواغواء کرلیا۔ ملزمان نے مغوی محمد ایوب ولد دین محمد کو گولیاں مار کر قتل کردیا جبکہ ان کے بیٹے کو چھوڑ دیا اور فرار ہوگئے۔ قتل میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ایک اور واقعہ ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت کے قریب آبسر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عبدالقیوم ولد مراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔دریں اثناء بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکورٹی فورسز کے فائرنگ کے تبادلے دوران تین افرادہلاک ہوگئے۔لیویز کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تحصیلدار آواران کو تین افراد کی لاشیں حوالے کی ہیں جن کی شناخت نور بخش ولد خان محمد سکنہ جگرو آواران، دلاوار ولد سلمان سکنہ تنزلہ آواران ، اور مراد ولد قاسم سکنہ حاجی شہر جھاؤ آواران کے نام سے ہوئی ہیں۔ تینوں افراد کے جسموں پر گولیوں کے نشانات تھے۔ سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ یہ تینوں افراد ترتیج کے قریب فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے۔