کوئٹہ: سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سول ہسپتال دھماکے میں غفلت برتنے پر چیف سیکرٹری بلوچستان،صوبائی سیکرٹری داخلہ ،صوبائی سیکرٹری صحت اور ہسپتال میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مقدمہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں پاکستان ورکز کنفیڈریشن کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ کوئٹہ میں پچھلے چند برسوں میں دہشت گردی کے ایک جیسے واقعات ہوئے مگر ان واقعات سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا ،ان واقعات کی روک تھام کیلئے انتظامات کیوں نہیں کئے گئے ،ان میں غفلت کا ذمہ دار کون ہے؟ شہر میں جدید کیمرے ابھی تک کیوں نہیں لگائے گئے ،انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال واقعہ کی جوڈیشنل انکواری ہونا چاہیے ۔افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ وکلا لاوارث نہیں ہیں،اگر حکومت نے جوڈیشنل انکواری نہ کرائی تو یہ وکلا کھڑے ہوں گے اور انتظامیہ سے پورا پورا حساب لیں گے۔نہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ کے ساتھ ساتھ گھراور ان کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت برادشت کرے۔