|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2016

 کراچی: سندھ بھر میں میئر و ڈپٹی میئر اور چیرمین و وائس چیرمین کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر و ڈپٹی میئر اور چیئر مین و وائس چیئر مین کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔  پولنگ اسٹیشن كی حدود میں صوبائی حكومتوں كے نمائندوں كے داخلے پر پابندی ہے۔ وزیراعلیٰ گورنر، وزراء اور مشیروں میں سے كوئی بھی بلدیاتی اداروں كے سربراہوں، میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین كے انتخابات كے لیے بنائے گئے پولنگ اسٹیشنوں كی حدود میں داخل نہیں ہو سکتے۔  اس کے علاوہ امیدواروں كو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ پولنگ كے دوران مروجہ قانون پر عمل كریں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر و ڈپٹی میئر،4 ضلعی چیئرمین، 5 ضلعی وائس چئرمین، ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ ضلع وسطی میں ایم کیوایم چیئرمین وائس چیئرمین نشست  بلامقابلہ جیت چکی ہے جبکہ ضلع ملیر میں پیپلزپارٹی چیئرمین نشست پر بلامقابلہ کامیاب ہوئی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کے انتخابات میں 4 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں ایم کیوایم کے وسیم اختر، پیپلزپارٹی کے کرم اللہ وقاصی، آزاد امیدوار محمد رفیق خان  اور ارشد حسن  شامل ہیں، ڈپٹی میئر کے لئے ایم کیوایم کے ارشد عبداللہ وہرہ ، مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ آفریدی  اور آزاد امیدوار نوید جاوید مدمقابل ہیں، ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں چیئرمین و وائس چیئرمین کی نشست پر انتخابات ہورہے ہیں، ضلع ملیر کی صرف وائس چیئرمین کی نشست پر پولنگ ہورہی ہے۔ بلدیہ اعلی حیدرآباد کے میئر وڈپٹی میئر اور میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے پولنگ جاری ہے۔ دونوں بلدیاتی اداروں میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے، اکثریت کی بنیاد پر بلدیہ اعلی حیدرآباد میں ایم کیو ایم کا میئر اور ڈپٹی میئر جبکہ میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہے، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ دس منٹ تاخیر کے ساتھ شروع ہوا۔ بلدیہ اعلی حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے طیب حسین اور ڈپٹی میئر کے لیے سہیل محمود مشہدی امیدوار ہیں جب کہ پیپلز پارٹی نے پاشا قاضی کو میئر اور حسن علی جتوئی کو ڈپٹی میئر کے لیے میدان میں اتارا ہے۔ ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے ایک یونین کمیٹی چیئرمین فاروق قریشی کے انتقال کے نتیجے میں بلدیہ اعلی حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر شپ کے لیے مجموعی طور پر 142 اراکین حق رائے دہی استعمال کریں  گے۔ ایم کیو ایم کے دو چیئرمینز پاک سرزمین پارٹی اختیار کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے ووٹرز کی تعداد 113 جبکہ پیپلز پارٹی کے ووٹرز کی تعداد 27 ہے۔ ضلع سکھر میں ضلع کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین، میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں  پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے نامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ضلع سکھر میں سینیٹر اسلام الدین شیخ کے فرزند و رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ کے بھائی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ پاکستان کے کم عمر ترین بلامقابلہ میئر منتخب ہوئے ہیں  جبکہ طارق چوہان ڈپٹی میئر منتخب ہوچکے ہیں، ضلع کونسل کے چیئرمین کے لئے اسلم شیخ اور وائس چیئرمین شاہزیب منتخب ہوچکے ہیں۔ میرپور خاص میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ووائس چیئرمین کے لیے ایم کیو ایم کے امیدوار فاروق جمیل اور فرید احمد خان ہیں۔ میرپورخاص میں 69 کونسلرز میں دو کے انتقال کر جانے کے باعث 67 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، جن میں سے 67 میں سے 46 کونسلرز ایم کیو ایم اور 21 کا تعلق پیپلز پارٹی پی پی سے ہے۔ میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 33 ممبران میونسپل کمیٹی ووٹ کا استعمال کریں گے۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف سے غلام مرتضیٰ جونیجو اور وائس چیئرمین کیلئے پارس ڈیرو امیدورا ہیں جن کا مقابلہ شہری اتحاد میں شامل فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی اور ایم کیوایم کے مشترکہ امیدوار مسرورالحسن غوری اور اصغرعباسی سے مقابلہ کررہے ہیں۔