|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2016

کوئٹہ: بلوچ قوم پرست رہنماء نواب اکبر خان بگٹی شہید کی برسی آج منائی جائیگی، برسی کے موقع پر بلوچستان کے مختلف شہروں میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ قوم پرست جماعتوں کی جانب سے آج شٹر ڈاؤن وپہیہ جام کا اعلان کیا گیا جس کی حمایت سیاسی جماعتوں نے کی ہے، علاوہ ازیں جمہوری وطن پارٹی نے نواب اکبر خان بگٹی کی 26اگست کو شہادت کے روز یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے اور اسی روز جمہوری وطن پارٹی نے شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے گزشتہ دس سالوں کی طرح بلوچستان کے عوام 26اگست کو اپنا کاروبار بند او ر پہیہ جام کر کے شہید وطن نواب اکبر خان بگٹی سے والہانہ عقیدت واحترام کا اظہار کریں گے 26اگست کو قلعہ شہید وطن نواب اکبر خان بگٹی ڈیرہ بگٹی میں صبح 9بجے سے لیکر دوپہر 2بجے تک ان کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوگی اور لنگر بھی تقسیم کیاجائے گا۔ دریں اثناء کوئٹہ میں 27اگست بروز ہفتہ شہید وطن نواب اکبرخان بگٹی کی 10ویں کے سلسلے میں بگٹی ہاوس فاطمہ جناح روڈ پر صبح 10بجے سے شام پانچ بجے تک قرآن خوانی ہوگی جس میں خاص و عام کو شرکت کی دعوت کی جاتی ہے دوپہر ایک بجے شہید وطن نواب اکبر خان بگٹی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس منعقد ہوگا جس میں سیاسی و سماجی و قبائلی شخصیات شرکت کریگی ، جمہوری وطن پارٹی کے ذرائع کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں سول سوسائٹی وکلاء ،صحافی برادری ، طلباء تاجربرادری اور ٹرانسپورٹر حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ 26اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے ۔