|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2016

پشین :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 8اگست کے المناک اور قومی سانحہ کے شہدا کی تحقیقات ملزموں کی گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دلانا صوبے کے تمام عوام کا مطالبہ ہے ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے صوبے کے غیور عوام کے اس حقیقی مطالبہ کو مد نظر رکھ کر ملزموں ، سہولت کاروں تک ہر صورت میں پہنچنا ہوگا ۔ ان خیالات کااظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی نائب صدر رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان ، صوبائی سیکرٹری صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی وزیرسردار مصطفی خان ترین ، اراکین صوبائی اسمبلی مجید خان اچکزئی، سید لیاقت آغا ، دسٹرکٹ چےئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کلی کربلا میں 8اگست کے سانحہ کے شہدا اور محمد اسماعیل پشتون یار شہید کی یاد میں تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ممتاز شعراء رضا شیداء اور وہاب غزنوی نے اشعار پیش کےئے اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا ۔ مقررین نے کہاکہ 8اگست کے شہدا کا المناک واقعہ کسی بھی صورت بھولا نہیں جاسکتا بلکہ ان قومی شہدا کی یاد کو ہمیشہ کیلئے امر کردیا جائیگا ۔ دہشتگردی اور وحشت کا مقصد خوف وہراس اور ظلم وجبر کے ذریعے اپنا نظریہ دوسروں پر زور زبردستی کے ذریعے مسلط کرنا ہے ۔ لیکن ان قومی شہدا کی قربانیوں نے تاریخ کو نئی سمت دے دی ہے ۔ لہٰذا ان شہدا کی قربانی سے ہمیں مزید ادراک حاصل کرنا ہوگا اور عوام دشمن ، پشتون دشمن قوتوں کی سازشوں اور ان کے ناپاک عزائم کو سمجھنا ہوگا جو پشتونخوا وطن کے غیور عوام کے خون سے ان کی پیاس ابھی تک نہیں بجھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر جو سیاست اور جدوجہد کی ہے وقت اور حالات نے اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔ لہٰذا ملک میں حقیقی جمہوریت ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی ، قوموں کی برابری، قوموں کو ان کے وسائل پر اختیار دلانے ، ان کی مادری زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دلانے کی جدوجہد ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ملک کے عوام اور مظلوم قومیتوں کی حقیقی رہنمائی کرتے ہوئے ملک کو امن ترقی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور قوموں وعوام کو ان کے حقوق واختیارات دلانے کی بات کی ہے جبکہ یہ بات کسی کو اچھا لگے یا برا حقیقت یہ ہے کہ پشتونخوا وطن ، صوبے اور ملک کی خیر اسی میں ہے کہ حقیقی جمہوریت اور اس کے استحکام کی راہ اپنا کر حقائق کو تسلیم کیا جائے اور ملک کا ہر ادارہ آئین کے پابند ہوکر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں ہر طرف پشتون عوام کے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے سالہا سال سے پشتونخوا وطن اور افغانستان پر مسلط جنگ نے ہر شعبہ زندگی کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے ۔