کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش ہو رہی ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور چھٹی کے روز عوام کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔ شہر کے جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں ملیر، لانڈھی، کورنگی، ایئرپورٹ، شاہ فیصل، شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، ایکسپریس وے، کارساز، نارتھ کراچی، نیو کراچی اوریونی ورسٹی روڈ سے متصل علاقے شامل ہیں۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
بارش کے باعث شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا جب کہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث شہر بھر میں 315 فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں،بارش کے رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا جا ئے گا۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے گھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھربارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا اورپیرسے بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ جائے گا۔ کراچی کے علاقے قائد آباد میں اب تک 54 ملی میٹر ریکارڈ کی جا چکی ہے جب کہ اولڈ ایئر پورٹ پر16 ملی میٹر، جناح ایئر پورٹ 18 ملی میٹر اور شارع فیصل پر 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور موسلا دھار بارش کے باعث 250 سے زائد فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کا بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔ گزشتہ روز تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے مویشی منڈی میں لگے ٹینٹ اور تمبو اکھڑ گئے اور بڑی مقدار میں بیو پاریوں کا چارہ ضائع ہو گیا۔